سندھ میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان، کتنی چھٹیاں ملیں گی؟
حکومت سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں 4 روزہ تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سندھ میں سرکاری طور پر عیدالاضحیٰ کی 4 روز کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا گیا ہے، اس حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں 26 مئی سے 29 مئی 2026 تک عام تعطیلات ہوگی، صوبے میں منگل، بدھ، جمعرات اور جمعہ کو عام تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور بلدیاتی اداروں پر ہوگا تاہم ضروری خدمات انجام دینے والے ملازمین اور بجٹ کی تیاری میں مصروف عملہ ان تعطیلات سے مستثنیٰ ہوگا۔
نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل وفاقی حکومت نے بھی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 26، 27 اور 28 مئی تک ہوں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی جب کہ عید کی سرکاری تعطیلات میں عید سے پہلے کا ایک دن، یعنی منگل اور عید کے دو دن کی چھٹی شامل ہے۔
پاکستان کے علاوہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی اور مناسک حج کا رکنِ اعظم 26 مئی بروز منگل کو ادا کیا جائے گا۔
امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور یورپ کے مسلم اداروں نے بھی سعودی عرب کے ساتھ 27 مئی کو ہی عید منانے کا اعلان کیا ہے۔ ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکیہ اور تیونس سمیت متعدد ممالک بھی 27 مئی کو ہی عیدالاضحٰی منائیں گے تاہم بھارت اور بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ 28 مئی جمعرات کو منائی جائے گی۔