فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران روانہ، ایرانی حکام سے امن معاہدے پر بات چیت متوقع
فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں ان کی ایرانی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ دورے میں خطے میں امن معاہدہ، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کی جائے گی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتِ حال، امن کے امکانات اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ خطے میں جاری سیکیورٹی چیلنجز اور علاقائی استحکام کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور اسٹریٹجک تعاون سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس وقت ایران میں موجود ہیں۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امریکا کے ساتھ جنگ بندی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں دونوں شخصیات نے خطے میں قیامِ امن کے مختلف طریقۂ کار اور ممکنہ سفارتی حل پر بھی غور کیا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان سیکیورٹی اور علاقائی امور پر روابط جاری رہتے ہیں، جب کہ حالیہ علاقائی کشیدگی، خصوصا امریکا ایران جنگ کے تناظر میں اعلیٰ سطحی رابطے مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔