کوئٹہ: بیوی اور 4 بچوں کو قتل کرنے کے بعد شوہر نے خودکشی کرلی
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی اور 4 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ کوئٹہ کی وحدت کالونی میں ایک گھر کے اندر پیش آیا، جہاں شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی اور 4 بچوں کی جان لے لی۔ واقعے کے بعد ملزم نے بھی خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں جب کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔