125ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کیا جارہا ہے، حنیف عباسی

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں ریلوے، صحت، دفاع اور معیشت کے شعبوں میں بہتری کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں۔ 125ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کیا جارہا ہے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ 125 ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں بچت ممکن ہو اور ماحولیاتی بہتری لائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ بھی آئندہ اہداف میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عملے اور بوگیوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ریلوے کا نظام بہتر انداز میں چل سکے۔

صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ملک کے مختلف اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

قومی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ جنگ کے دوران پوری قوم متحد نظر آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جرات مندی سے مقابلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے دنیا کی سب سے بڑی فضائی جنگ میں فتح حاصل کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کو معاشی محاذ پر بھی مضبوط کیا جا رہا ہے اور موجودہ حکومت معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

Similar Posts