خیبرپختونخوا میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور پرتشدد واقعات کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران بچوں کے ساتھ زیادتی کے 128 واقعات رپورٹ ہوئے، جب کہ مختلف پرتشدد واقعات میں 36 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ کے مطابق بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے مجموعی طور پر 3 سنگین کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ پولیس نے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائیاں کیں، جن میں 205 ملزمان کو نامزد کیا گیا، جب کہ 183 کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ان واقعات کی مکمل چھان بین جاری ہے اور مجرموں کو سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔ بچوں کے تحفظ کے لیے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مزید فعال بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے ان اعداد و شمار کو باعثِ تشویش قرار دیتے ہوئے والدین، اساتذہ اور حکومتی اداروں پر زور دیا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں۔