سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ایس ایس پی چوک پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی گاڑی پر فائرنگ سے ایس ایچ او نذیر چانڈیو شہید ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ ایس ایس پی چوک پر مسلح موٹر سائیکل سوار افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کرکے جیکب آباد کے تھانہ میرپور برڑو میں تعینات ایس ایچ او کو شہید کردیا۔
واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
ریسکیو حکام کے مطابق شہید ایس ایچ او کی شناخت انسپکٹر نذیر چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ایس ایچ او فارنزک لیبارٹری لاڑکانہ میں کیس پراپرٹی جمع کروانے آیا تھا، جہاں لیبارٹری کے باہرمسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی۔