وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز طبی معائنے کے لیے میو اسپتال پہنچیں، جہاں ان کے کندھے میں تکلیف کی شکایت پر ڈاکٹرز نے ان کا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کندھے میں تکلیف کے باعث میو اسپتال پہنچیں، جہاں سرجیکل ٹاور میں ان کا ایم آر آئی ٹیسٹ کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کو مسلسل مصروفیات اور کام کے دباؤ کے باعث کندھے میں درد کی شکایت تھی۔
اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور سی ای او میو اسپتال پروفیسر ہارون حامد بھی موجود تھے۔
ڈاکٹرز کے مطابق ایم آر آئی رپورٹ نارمل آئی ہے اور کسی پیچیدگی کے آثار نہیں ملے۔ ابتدائی تشخیص کے مطابق درد کی وجہ صرف تھکن اور جسمانی دباؤ ہے۔
ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز اسپتال سے واپس روانہ ہو گئیں۔ اسپتال حکام کے مطابق ان کی حالت تسلی بخش ہے اور باقاعدہ آرام سے افاقہ ممکن ہے۔