جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ آئینی بینچوں کی مدت 30 نومبر 2025 تک جبکہ سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچوں کی مدت 23 جولائی 2025 سے 6 ماہ کے لیے بڑھا دی جبکہ کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے لیے 2 ججز کو تبدیل اور 2 ججز کو نامزد بھی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن نے اکثریتی رائے سے سپریم کورٹ آئینی بینچوں کی مدت 30 نومبر 2025 تک بڑھا دی۔
اجلاس میں ہائیکورٹس کے ججز کی سالانہ کارکردگی کے مؤثر جائزے کے لیے قواعد بنانے سے متعلق پالیسی کا جائزہ بھی لیا گیا اور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں عدلیہ، پارلیمان، انتظامیہ اور قانونی ماہرین کے ارکان شامل ہوں گے۔
کمیٹی ہائیکورٹس کے ججز کی سالانہ کارکردگی کے جائزے کے لیے قواعد کا مسودہ تیار کرے گی جبکہ کمیشن اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچوں کی مدت اور مزید نامزدگیوں سے متعلق غور کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچوں کی مدت 23 جولائی 2025 سے 6 ماہ کے لیے بڑھا دی گئی۔
جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے لیے 2 ججز کو تبدیل اور 2 ججز کو نامزد بھی کیا۔
جسٹس عدنان اقبال چوہدری اور جسٹس جعفر رضا کو آئینی بینچ کے لیے نامزد کیا گیا جبکہ جسٹس آغا فیصل اور جسٹس ثنا اکرم منہاس کو آئینی بینچز سے تبدیل کیا گیا۔