یپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ بلاول کے علاوہ کوئی پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکتا، بلاول بھٹو زرداری نے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ امریکا سمیت یورپ کے مختلف ممالک کے 11روزہ دورے میں اقوام عالم کو پہلگام واقعہ کی سچائی بتا کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ بلاول نے پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے دنیا کے سامنے رکھا، بلاول کے علاوہ کوئی پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکتا۔ بلاول بھٹو نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، انہوں نے بھارت کے شیطانی ارادے خاک میں ملا دیئے۔
نہریں نکالنے کے منصوبے کیخلاف قرارداد ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر پیپلزپارٹی کا احتجاج
شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر سرگرمیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور وہ جب کراچی پہنچیں گے تو ان کا پرجوش استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کی قیادت میں پاکستان نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو یہ باور کرایا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان سنجیدہ ہے۔
بھارتی وفد کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ بھارتی نمائندے سنجیدہ مذاکرات کے بجائے گانوں کی محفلوں میں مشغول رہے جبکہ بلاول بھٹو دنیا کو امن کا پیغام دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے بھارتی رویے کی مذمت کی اور واضح کیا کہ ایسا غیرسنجیدہ رویہ کسی بھی خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں گرما گرمی، شازیہ مری اور ایم کیو ایم ارکان میں تلخ کلامی
شازیہ مری نے بھارتی رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دہشتگردی پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور وطن عزیز کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور قوم متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کر رہی ہے۔