خیبرپختونخوا کا بجٹ بحران سگین، گورنرہاؤس میں اپوزیشن کا ہنگامی اجلاس طلب

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا میں بجٹ بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جس کے پیش نظر اپوزیشن نے گورنر ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کر کے وزیراعلیٰ کے رویے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ کی سربراہی میں وفد نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی اور صوبے کے سیاسی حالات اور بجٹ منظور نہ کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ”یہ لوگ صوبے کے ساتھ کھیل رہے ہیں“ اور حکومت کی جانب سے بجٹ پیش نہ کرنے کو ناقابل قبول قرار دیا۔

عباداللہ نے کہا کہ ”ایک قیدی اجازت دے گا تو صوبے کا بجٹ پاس ہوگا“ اور وزیراعلیٰ سے سوال کیا کہ جب بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات ہوئی تو اس ضمن میں کوئی سوال کیوں نہیں کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر حکومت یہ بجٹ پیش نہیں کرتی تو اپوزیشن کے پاس بھی اپنے آپشنز موجود ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپوزیشن کی تشویش کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ صوبائی معاملات اڈیالہ جیل کی بیرک سے چلائے جا رہے ہیں“۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے روز دوبارہ گورنر ہاؤس میں اپوزیشن کا اجلاس ہوگا تاکہ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جا سکے۔

اپوزیشن وفد نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی غیر آئینی اقدام کا حصہ نہیں بنے گا اور آئینی دائرے میں رہ کر مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔

Similar Posts