امریکہ کے اسرائیل پر حملے کے بعد اب امریکی سیکریٹری دفاع اور دیگر حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی جس میں انہوں نے ایران کو وارننگ جاری کردی ہے۔
پینٹاگون حکام نے اتوار کو کہا کہ امریکی صدر امن کے داعی ہیں، ایران کو امریکا کی جانب سے کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔
امریکی سیکریٹری دفاع نے بریفنگ میں کہا کہ ہمارا جواب اس رات سے بھی زیادہ سخت ہوگا، یہ ایک غلطی سے عاری آپریشن تھا۔ دنیا کو امریکی صدر کی بات سننا ہوگی۔
امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے عوام ، پارٹنرز یا اتحادیوں پر کوئی بھی حملہ ہوا تو ہم جواب دینے میں ذرا سی بھی دیر نہیں کریں گے۔
پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ اس طرح کا خفیہ آپریشن صرف ہماری افواج ہی بہتر کرسکتی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے ایران پر حملے سے متعلق بریفنگ میں کہا گیا کہ گزشتہ روز ایران کی 3 تنصیبات پر حملے کیے، یہ آپریشن ایران کی ایٹمی قوت ختم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا تھا، یہ ایک بہت خفیہ مشن تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اس مشن سے واشنگٹن میں صرف چند لوگ ہی آگاہ تھے، بمبرز نے امریکا سے مغرب کی اڑان بھری، بمبرز دھوکا دینے کیلئے بحرالکاہل کی طرف گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران کی تنصیبات پر حملے میں 7 بی 2 بمبرز نے حصہ لیا، ہر جہاز میں عملے کے 2 افراد سوار تھے، عملے کے درمیان انتہائی کم کمیونی کیشن تھی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے پینٹاگون کی بریفنگ کے دوران کہا کہ جہازوں کا ہدف مشرق کی جانب تھا، 18 گھنٹے کی پرواز میں متعدد بار مڈ ائیرفیولنگ ہوئی، ہر بی 2 کے ساتھ ایک معاون جہاز بھی اڑ رہا تھا اور اس تمام آپریشن میں مختلف پلیٹ فارم کا ربط تھا۔