افغان باکسر اسکاٹش خاتون کے قتل کے الزام میں گرفتار

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں سوٹ کیس سے ملنے والی اسکاٹش خاتون الزبتھ جین راس کے قتل کے معمہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ یونانی پولیس نے قتل کے الزام میں 26 سالہ افغان شہری، جو باکسنگ سے بھی وابستہ بتایا جاتا ہے، کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج، بینک ریکارڈز اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت ممکن ہوئی۔

یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے علاقے کیپسیلی میں سوٹ کیس سے ملنے والی اسکاٹش خاتون الزبتھ جین راس کے قتل کے کیس میں یونانی پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 26 سالہ افغان شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزم باکسنگ سے بھی وابستہ ہے اور مقتولہ کی رہائش گاہ کے قریب کام کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم کے خلاف اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق خاتون کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے لاش کو ایک سوٹ کیس میں بند کیا اور اسے کیپسیلی کی ایک لاوارث عمارت میں پھینک دیا تاکہ جرم کو چھپایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور بینک ریکارڈز سے معلوم ہوا کہ خاتون کی موت کے بعد اس کے بینک کارڈ استعمال کیے گئے اور اے ٹی ایم سے رقم بھی نکلوائی گئی۔

تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ مقتولہ کے موبائل فون سے اس کے اہل خانہ کو متعدد پیغامات بھیجے گئے، جن میں یہ ظاہر کیا گیا کہ وہ خیریت سے ہیں اور کچھ عرصہ تنہا رہنا چاہتی ہیں۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیغامات ممکنہ طور پر تحقیقات کو گمراہ کرنے کے لیے بھیجے گئے تھے۔

ابتدائی فرانزک رپورٹ کے مطابق خاتون کی موت دم گھٹنے سے ہونے کا شبہ ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین ٹاکسیکولوجی اور دیگر سائنسی رپورٹس موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

یونانی پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف ارادی قتل، ڈکیتی اور اسلحہ قانون کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ یونان اور برطانیہ دونوں میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ برطانوی حکام مقتولہ کے اہل خانہ کو قونصلر معاونت فراہم کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں یونانی پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس سے متعلق مزید تفصیلات بھی عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

Related posts