پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی بھی عمران خان کو سیاست سے مائنس نہیں کر سکتا۔ آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائیٹ ود عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت صرف بانی کے پاس ہے اور اُن کی جگہ لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ شاندانہ گلزار نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ایک غیر موروثی جماعت ہے اور ہم سب اپنے اصولوں پر قائم ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائیٹ ود عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”اللہ کے سوا کوئی بھی عمران خان کو مائنس نہیں کر سکتا۔“
شاندانہ گلزار نے واضح کیا کہ عمران خان پارٹی کے بانی اور واحد لیڈر ہیں، اور پارٹی میں سب اس بات پر متفق ہیں کہ اُن کی جگہ لینے کا تصور بھی ممکن نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی جگہ لینے کا خواب کسی کا بھی پورا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک غیر موروثی جماعت ہے، اگر ہم موروثی ہوتے تو آج ہمارا حال بھی بھٹو کی پارٹی جیسا ہوتا۔ ہم سب زندہ ہیں اور اپنی قیادت پر قائم ہیں، عمران خان کے بغیر پارٹی کا کوئی تصور نہیں۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے اہلِ خانہ سے بھی ملنے کی اجازت نہیں دی جاتی اور ان کی بہنیں بھائی کی تکلیف دیکھ کر جذباتی ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے اندر اختلافات کے امکان کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی اختلافات کی تردید نہیں کی، لیکن پارٹی قیادت پر کوئی تقسیم نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے مریم نواز اور ان کے خاندان کو سخت سیاسی وقت دیا۔ انہوں نے ”گندا گروپ“ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہی گروپ امریکی صدر ٹرمپ کو نوبل پرائز کے لیے نامزد کرتا رہا۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ اگر عمران خان چاہتے تو ڈیل کر لیتے، لیکن انہوں نے ملک اور قوم کی خاطر ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیکے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقریر دراصل صرف عمران خان سے متعلق تھی اور بجٹ صرف علی امین گنڈاپور کا مسئلہ نہیں، عوام کی حالت بدتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے بارہ کروڑ لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا اتحاد بن چکا ہے جو ”حلالی اتحاد“ ہے اور یہی اتحاد ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔