کوہستان کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو بڑی پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ نیب نے اسکینڈل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ارب روپے مالیت کے مزید مشکوک بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے، جبکہ ایک ارب روپے کی نقد رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے مختلف کارروائیوں کے دوران ملزمان کے گھروں سے 3 کلو سونا اور غیر ملکی کرنسی بھی قبضے میں لی، جب کہ کروڑوں روپے مالیت کی 77 پرتعیش گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ ریکوری رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پشاور میں مجموعی طور پر 109 جائیدادیں سیل کی گئی ہیں۔ سیل کی گئی جائیداد میں 4 فارم ہاؤسز،12 کمرشل پلازہ،2 کمرشل پلاٹس،30 رہائشی گھر،12 دکانیں،25 فلیٹس اور 175 کنال زرعی اراضی شامل ہیں۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔