بھارتی آبی جارحیت: کیا چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھے گی؟

0 minutes, 0 seconds Read

بھارت کی آبی جارحیت کے باعث دریائے چناب اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے لگی، سلال ڈیم سمیت چشمہ اور تربیلا کے اسپیل ویز کھول دیے گئے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق اگلے 24 سے 48 گھنٹے نچلے علاقوں کے لیے نازک ثابت ہو سکتے ہیں، مون سون کے پہلے اسپیل میں 43 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

بارشوں کے دوران بھارت نے ایک بار پھر آبی جارحیت کرتے ہوئے سلال ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیے، جس کے بعد دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ سنگین حد تک بڑھ گیا ہے۔ پانی کی آمد کے باعث دریائے چناب کے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ہیڈ مرالہ، ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد کے مقامات پر پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ چشمہ بیراج کے تمام 52 اسپیل ویز کھول دیے گئے ہیں، جبکہ تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے تاکہ ڈیم میں بڑھتے ہوئے پانی کے دباؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔

دوسری جانب مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل میں اب تک 43 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ درجنوں زخمی اور متعدد مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔

متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریا کے کناروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

Similar Posts