لکی مروت کے علاقے غزنی خیل کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ واقعہ گل باز دھقان کے قریب لونگ خیل روڈ پر پیش آیا، جہاں اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ شہید اہلکاروں کا تعلق گاؤں لونگ خیل سے بتایا جا رہا ہے۔ واردات کے بعد حملہ آور اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی یا ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہو سکتا ہے، مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔