اداکارہ شیفالی کی اچانک موت پر اسما عباس کا اہم پیغام

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستانی سینئر اداکارہ اسما عباس نے بھارتی فنکارہ شیفالی جریوالا کے اچانک انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عمر رسیدگی کو قبول کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کردہ ویڈیو میں اسما عباس نے کہا کہ شیفالی کی 42 سال کی عمر میں اچانک موت دل دہلا دینے والی خبر ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’ایسی ناگہانی اور کم عمری کی موت بہت تکلیف دہ ہوتی ہے، خاص طور پر اُس کے شوہر اور ماں پر جو گزر رہی ہوگی، اس کا تصور بھی مشکل ہے۔‘

اسما عباس نے دعویٰ کیا کہ شیفالی مبینہ طور پر اینٹی ایجنگ انجیکشن استعمال کرتی تھیں، اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج کے دور میں لوگ بڑھاپے کو قبول کرنے کے بجائے جوان نظر آنے کے لیے خطرناک راستے اختیار کر رہے ہیں۔

خواتین کیلئے تہلکہ خیز انکشاف: ’کانٹا لگا گرل‘ شیفالی کی موت کی وجہ ’جوان بنانے والی‘ دوائیاں؟

انہوں نے کہا، ’آخر کیوں ہم، عمر کو کم کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں؟ یہ غیر فطری طریقے انسان کے جسم، خاص طور پر دل کو متاثر کرتے ہیں۔ سری دیوی کی موت بھی ایک سبق ہے، جو بظاہر انہی وجوہات کی بنا پر دنیا سے چلی گئیں۔ زندگی بھر جوان نظر آنا ایک فریب ہے، جو آخرکار صحت کی بھاری قیمت وصول کرتا ہے۔‘

یاد رہے کہ بھارتی اداکارہ شیفالی جریوالا 27 جون کو ممبئی میں انتقال کرگئیں۔ اطلاعات کے مطابق انہیں ان کی رہائش گاہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

پولیس زرائع کے مطابق، شیفالی خالی پیٹ اینٹی ایجنگ انجیکشن لیتی تھیں۔ انتقال سے کچھ دیر قبل بھی انہوں نے ایسا ہی انجیکشن لیا تھا، جس کے بعد انہیں شدید کپکپی اور بے ہوشی کا سامنا کرنا پڑا، اور وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ قدرتی عمر کے عمل کو نظر انداز کرنا اور مصنوعی طریقوں سے لڑنے کی کوشش، سنگین نتائج لا سکتا ہے۔

Similar Posts