ایلون مسک کی تنقید اور مخالفت کام نہ آئی، امریکی سینیٹ نے ٹرمپ کا ’بڑا خوبصورت بل‘ بمشکل منظور کرلیا۔۔۔سینیٹ میں بل کی حمایت اور مخالفت میں پچاس، پچاس ووٹ پڑے تو نائب صدر جے ڈی وینس کے فیصلہ کن ووٹ سے بل پاس کروایا گیا۔
امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ ٹیکس اور اخراجات بل کو معمولی فرق سے منظور کرلیا۔ بل کے حق اور مخالفت میں 50، 50 ووٹ پڑے، جس کے بعد نائب صدر جے ڈی وینس نے فیصلہ کن ووٹ دے کر بل منظور کرایا۔
بل میں 2017 کے ٹیکس میں دی گئی چھوٹ کو مستقل کرنے، میڈیکیڈ اور فوڈ اسٹیمپ جیسے سماجی پروگراموں میں کٹوتی، جبکہ دفاعی اور سرحدی سیکیورٹی بجٹ میں اضافہ شامل ہے۔
اس قانون کے تحت وفاقی اخراجات میں کھربوں ڈالر کی کمی اور قرض کی حد میں پانچ کھرب ڈالر تک اضافہ متوقع ہے۔
بل کو تین ریپبلکن ارکان نے مسترد کیا، جبکہ تمام ڈیموکریٹس نے بھی مخالفت کی۔ اب یہ بل ایوانِ نمائندگان میں پیش ہوگا، جہاں اس کی منظوری مزید مشکلات سے دوچار ہو سکتی ہے۔
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے بل پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ”تباہ کن“ اور ”غیر ذمہ دارانہ“ قرار دیا اور خبردار کیا کہ یہ امریکی معیشت اور عوام پر منفی اثر ڈالے گا۔