تونسہ شریف میں سی ٹی ڈی کا بڑا ایکشن، 5 دہشت گرد ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

تونسہ شریف میں انسدادِ دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ پانچ زخمی جنگل کی جانب فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر سرحدی گاؤں کے قریب آپریشن کیا گیا جہاں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 4 لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئیں، ایک لاش دہشتگرد اپنے ساتھ لے گئے۔

کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، رائفلز، 3 آئی ای ڈیز، دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ رومی اور تونسہ کے قریب چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنۂ ہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، دہشتگردوں کا پیچھا جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ
دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے جائیں گے، ہماری فورسز ہر محاذ پر چوکس اور باہمت ہیں۔

Similar Posts