ایپل کے نئے آپریٹنگ سسٹم ”آئی او ایس 26“ (iOS 26) میں جہاں کئی دیدہ زیب اور جدید فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں، وہیں ایک غیر متوقع اور متنازع فیچر نے صارفین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق، اگر فیس ٹائم (ویڈیو کال) کے دوران کسی صارف کے جسم پر کپڑے نہ ہوں، تو سسٹم کال کو خودکار طور پر روک دے گا۔
یہ فیچر دراصل ایپل کی نئی ”فیملی سیفٹی ٹولز“ کا حصہ ہے، جو بنیادی طور پر بچوں کو غیر اخلاقی مواد سے بچانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ کمپنی کے مطابق، یہ فیچر فیس ٹائم پر برہنگی کی صورت میں ویڈیو کو بلر کر دیتا ہے، اور اگر برہنہ تصاویر کسی بچے کو بھیجی جائیں، تو سسٹم انہیں روک لیتا ہے۔
ویڈیو لیک ہونے سے بچنا چاہتے ہیں تو ان برانڈز کے فون کبھی استعمال نہ کریں
تاہم، ”iDeviceHelp“ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آئی او ایس 26 بیٹا ورژن میں یہ فیچر صرف بچوں تک محدود نہیں، بلکہ تمام فیس ٹائم صارفین پر لاگو ہو رہا ہے۔ تجربات کے دوران، جیسے ہی کسی کال میں برہنگی کا انکشاف ہوا، ویڈیو اور آڈیو دونوں فیڈز کو فوراً روک دیا گیا اور اسکرین پر وارننگ ظاہر ہوئی۔ اس کے بعد صارفین کو دو آپشنز دیے گئے: یا تو کال جاری رکھیں، یا اسے ختم کریں۔
بلوٹوتھ اور ہیڈفونز سے خفیہ نگرانی اور جاسوسی کا خطرہ: سکیورٹی ماہرین نے خبردار کردیا
ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ تمام تجزیہ ڈیوائس پر موجود مشین لرننگ ماڈلز کے ذریعے ہوتا ہے، اور کوئی بھی تصویر یا ویڈیو کمپنی کے سرورز پر نہیں بھیجی جاتی، تاکہ صارفین کی پرائیویسی برقرار رہے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ بالغ صارفین پر بھی یہ پابندیاں عائد کرنا ڈیجیٹل سنسرشپ اور نگرانی کی ایک نئی مثال بن سکتی ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر بالغ صارفین پر لاگو ہونا کسی غلطی کا نتیجہ ہے یا یہ آئی او ایس 26 کی نئی پالیسی کا حصہ ہے۔ ایپل نے اس بارے میں تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔