کراچی میں سانحہ لیاری کے متاثرین امداد کی امید لیے گورنر ہاؤس پہنچ گئے اور ”امید کی گھنٹی“ بجاکر اپنی فریاد گورنر سندھ تک پہنچائی۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ عمارت گرنے کے باعث ان کے رکشے ملبے تلے دب گئے، گھر تباہ ہو گئے اور روزگار کا واحد ذریعہ بھی ختم ہو گیا، اب وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ متاثرین کو کھانا اور راشن بیگز فراہم کر رہے ہیں۔ روزگار کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔
لیاری بغدادی میں گرنے والی عمارت سے متاثرہ افراد راشن اور روزگار کی امید لیے گورنر ہاؤس پہنچ گئے۔ متاثرین نے ”امید کی گھنٹی“ بجاکر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے مدد کی فریاد کی۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ حادثے میں رکشے ملبے تلے دب گئے، نہ گھر بچے نہ روزگار، اب بیروزگار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے گورنر ہاؤس میں موجود عملے سے ملاقات کی اور اپنے مسائل بیان کیے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کو کھانا اور راشن بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ روزگار کی بحالی کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہارا مل سکے۔