سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لیاری میں نو خطرنک عمارتیں خالی کروالی گئی ہیں۔ ایک عمارت کو گرایا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ کا کرایہ دیا جائے گا۔ غیرقانونی عمارتوں کی تعمیر میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے لیاری میں نو غیر محفوظ اور خستہ حال عمارتوں کو خالی کروا لیا ہے، جب کہ ایک عمارت کو گرانے کا عمل جاری ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے انہیں تین ماہ کا کرایہ دیا جائے گا تاکہ وہ وقتی طور پر متبادل رہائش کا بندوبست کر سکیں۔
نہ گھر رہے، نہ روزگار — لیاری متاثرین نے گورنر ہاؤس میں ”امید کی گھنٹی“ بجا دی
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ آج ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، جس میں خستہ حال عمارتوں کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
سینئر وزیر سندھ نے یہ بھی اعلان کیا کہ غیرقانونی عمارتوں کی تعمیر میں ملوث سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ نئے ڈی جی نے تمام افسران کو 15 دن کے اندر اپنے اثاثے ظاہر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت آئندہ ماہ ”الیکٹرک پالیسی 2024“ متعارف کروا رہی ہے، جو بجلی کی فراہمی اور ریگولیشن کے حوالے سے اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔