شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 5 بدر کمرشل کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئیں۔ متوفیہ کی شناخت 45 سالہ ندا زوجہ ذوالفقار کے نام سے ہوئی جو پانچ بچوں کی ماں تھیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ندا کے شوہر کا تعلق رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خاتون نے عمارت کی چوتھی منزل سے خود جمپ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے کی جا رہی ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
فی الحال خودکشی اور حادثے دونوں امکانات کو زیرِ غور رکھا جا رہا ہے، جبکہ خاتون کے خاندان اور دیگر قریبی افراد سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک اور دیگر شواہد کی روشنی میں مکمل حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔