سرکاری ٹی وی چینل پر لائیو شو میں فوڈ ڈیلیوری بوائے اچانک نیوز اسٹوڈیو میں گھس آیا

0 minutes, 0 seconds Read

کبھی کبھی زندگی ایسے مناظر پیش کرتی ہے جو نہ صرف حیران کن ہوتے ہیں بلکہ لبوں پر مسکراہٹ بھی لے آتے ہیں۔ کویت کے سرکاری ٹی وی چینل ’الاخبار‘ کے مارننگ شو اشراقہ میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔

لائیو نشریات کے دوران جب ماہر فلکیات اور مورخ عادل السعدون سے گفتگو جاری تھی، ایک فوڈ ڈیلیوری بوائے اچانک اسٹوڈیو کے اندر آ گیا، ہاتھ میں فوڈ بیگ لیے، منظر کچھ لمحوں کے لیے چونکا دینے والا تھا۔

عادل السعدون نے خود حیرت سے کہا, ’ایک آدمی ہمارے سامنے سے گزر رہا ہے… یہ کوئی ڈیلیوری والا لگتا ہے!‘

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور ناظرین نے اس دل چسپ ’واقعے‘ کو خوش دلی سے سراہا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا۔ ’اس نے کھانا تو پہنچایا، مگر ساتھ ہی ایک قومی مسکراہٹ بھی ڈیلیور کر دی!‘

کچھ لوگوں نے تبصرہ کیا کہ شاید کوئی اندر سے آرڈر دے بیٹھا تھا، اور ڈیلیوری بوائے کو راستہ بھی دکھا دیا گیا!

عادل السعدون نے بعد میں وضاحت دی کہ یہ نشریات کسی بند اسٹوڈیو میں نہیں بلکہ کویت انسٹیٹیوٹ برائے سائنسی تحقیق کی ایک ہال میں ہو رہی تھی، اسی لیے ڈیلیوری بوائے لاعلمی میں اندر آ گیا۔

وزارتِ اطلاعات نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اور اسٹوڈیو منیجر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وزارت نے سرکاری میڈیا کے معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Similar Posts