غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، مزید 50 فلسطینی شہید

0 minutes, 0 seconds Read

غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے اب تک مزید 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی افواج نے غزہ پر کیے گئے 40 فضائی حملوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے، جن میں رہائشی علاقوں، بنیادی سہولیات کے مراکز اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے دکھایا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں فلسطینی شہداء کی مجموعی تعداد 57,882 تک جا پہنچی ہے، جبکہ ہزاروں زخمی اور لاکھوں دربدر ہیں۔

شہداء میں وہ 10 افراد بھی شامل ہیں جو پانی کی تقسیم کے مقام کے قریب موجود تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق شمالی شہر بیت ہنون پر اسرائیلی افواج نے شدید بمباری کی، جہاں اطلاعات کے مطابق تقریباً 50 بم گرائے گئے۔

دوسری جانب بیت اللحم کے المنیہ گاؤں میں اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینیوں کے گھروں پر دھاوا بول دیا، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان متاثر ہوئے۔

اسرائیلی فورسز نے غزہ کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے باپ بیٹے سمیت 6 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس شدید ترین انسانی بحران کے باوجود قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے اور انسانی امداد کی فراہمی پر بات چیت ہو رہی ہے، تاہم کسی ٹھوس پیشرفت کی اطلاع تاحال سامنے نہیں آئی۔

Similar Posts