تیاری کرلیں!!! آج سے شدید بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی، کب تک جاری رہیں گی؟

0 minutes, 0 seconds Read

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 17 جولائی تک موسلا دھار بارشوں، گرج چمک اور تیز آندھیوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

کراچی میں 16 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، اٹک، چکوال اور گوجرانوالہ میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔

ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی، حادثات میں 19 افراد جاں بحق

لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جہاں پانی کی نکاسی نہ ہونے کی صورت میں معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

خطہ پوٹھوہار اور خیبرپختونخوا میں شام کے وقت آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے، جو کمزور انفرااسٹرکچر یا کچے مکانوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

بالائی علاقوں کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید بارشوں کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے باعث سفر کرنے والے افراد کو محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

بلوچستان کے اضلاع بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل اور سبی میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ سندھ کے شمالی شہروں سکھر، شکارپور، کشمور اور لاڑکانہ میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی کے باعث کمزور ڈھانچوں، درختوں اور کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔

متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور شہری دفاع کے محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔

Similar Posts