شرجیل میمن نے حیدرآباد میں بارش کا پانی نہ نکالنے کی ذمہ داری حیسکو پر ڈال دی

0 minutes, 0 seconds Read

شرجیل میمن نے حیدرآباد میں بارش کا پانی نہ نکالنے کی ذمہ داری حیسکو پر ڈال دی، کہا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی نکالنے میں مشکلات ہوئیں، متعدد علاقوں سے پانی نکالا جاچکا ہے، میڈیا سے گفتگو میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں اگلے ماہ سے ڈبل ڈیر بسیں چلیں گی، ایم کیو ایم کی بات ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دینی چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے ملنا چاہتے ہیں تو ضرور ملنے دیں۔

حیدرآباد میں بارش کے بعد پانی کی نکاسی کے مسائل پر سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ذمہ داری حیسکو پر ڈال دی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بجلی نہ ہونے کے باعث پانی نکالنے میں شدید مشکلات پیش آئیں، تاہم حیدرآباد کے متعدد علاقوں سے پانی نکالا جاچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہوتی تو نکاسیِ آب کا عمل تیزی سے مکمل ہوتا۔

میڈیا سے گفتگو میں سینیر وزیر سندھ نے بتایا کہ کراچی میں آئندہ ماہ سے ڈبل ڈیکر بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی، جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف مہم جاری ہے اور خاص طور پر اجرک والی نمبر پلیٹس کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، جس کی کوئی بنیاد نہیں۔

ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ان کی باتیں ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دینی چاہئیں۔ علی امین گنڈا پور پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے بچوں سے متعلق سوال پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر بچے بانی سے ملنا چاہتے ہیں تو ملنے دیں، اور اگر وہ پاکستان آکر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں، لیکن نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔

Similar Posts