آسٹریلیا سے بدترین شکست، ویسٹ انڈیز صرف 27 رنز پر ڈھیر، 70 سالہ تاریخ میں دوسرا کم ترین اسکور

0 minutes, 0 seconds Read

آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 176 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی، اس جیت کے ساتھ آسٹریلیا نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کردیا، میچ کا سب سے حیران کن لمحہ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز رہی جہاں پوری ٹیم صرف 27 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ اننگز میں 7 انڈوں کا ورلڈ ریکارڈ بن گیا۔

جمیکا میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم تیسرے روز محض 27 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یہ گزشتہ 70 سال میں ٹیسٹ کرکٹ کی دوسری کم ترین اننگز ہے، 1955 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آکلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف 26 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی، جو اس فہرست میں سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 2 بار 30 رنز پر آؤٹ ہو چکی ہے۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں حیران کن طور پر ویسٹ انڈیز کے 7 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جن میں سے 4 کھلاڑی گولڈن ڈک یعنی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے فاسٹ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اسکاٹ بولینڈ نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ مچل اسٹارک نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میچ میں کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور 400 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا جبکہ انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 225 اور دوسری میں 121 رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 143 اور دوسری میں صرف 27 رنز اسکور کیے۔

تیسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ بھی مکمل کرلیا۔

Similar Posts