پاکستان اور چین ہر میدان میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، جنرل ساحر شمشاد مرزا

0 minutes, 0 seconds Read

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 98ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، میڈیا نمائندگان، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی، جو پاک چین دوستی میں وسیع حمایت کی علامت ہے۔

اپنے خطاب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چینی قیادت، پیپلز لبریشن آرمی کے تمام افسران و جوانوں اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین کی حیرت انگیز ترقی، جدیدیت اور عالمی استحکام کے لیے اہم کردار کو سراہا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان اور چین کے درمیان آہنی بھائی چارے اور دیرینہ تعلقات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر میدان میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی، سی پیک منصوبے میں تعاون، دفاعی تعلقات اور علاقائی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ چین آج کے دور میں علاقائی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کا مضبوط ستون بن چکا ہے۔

Similar Posts