بحری جہاز میں آگ لگنے سے مسافروں نے جان بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگا دی، ویڈیو وائرل

0 minutes, 0 seconds Read

انڈونیشیا کے شمالی سولاویسی میں ایک مسافر بردار بحری جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد جان بچانے کے لیے مسافروں نے خوف کے عالم میں سمندر میں چھلانگیں لگا دیں۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں لوگوں کی چیخ و پکار اورجہاز میں لگی شدید آگ کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

واقعہ ٹالیس جزیرے کے قریب پیش آیا، جہاں ”کے ایم بارسلونا وی اے“ نامی مسافر بردار جہاز میں آگ لگ گئی۔ جہاز پر 280 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق آگ کے پھیلاؤ کے بعد مسافر گھبراہٹ میں بغیر کسی انتظار کے سمندر میں کود گئے، متعدد افراد نے لائف جیکٹس پہن رکھی تھیں جبکہ کچھ نے بغیر جیکٹ کے ہی چھلانگ لگا دی۔

ویڈیوز میں جہاز سے اٹھتے سیاہ دھوئیں کے بادل، آگ کی لپٹیں اور سمندر میں کودتے مسافروں کے ساتھ ان کی مدد کے لیے کی جانے والی چیخ و پکار سنی جا سکتی ہے۔ بعض مسافروں نے اس ہولناک منظر کو اپنے موبائل فونز سے ریکارڈ کیا جسے بعد ازاں سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی انڈونیشیا کی ریسکیو ٹیمیں متحرک ہو گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

قریبی جزیرے سے گزرنے والی کئی ماہی گیری کشتیوں نے بھی امداد میں حصہ لیا اور متعدد افراد کو پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ لوگ مدد کے لیے زور زور سے آوازیں لگا رہے ہیں، آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آگ نے پورے جہاز کو اپنی زد میں لے لیا ہے اور سیاہ دھواں کا ایک غبار آسمان کی طرف اٹھتا ہوا نظر آ رہا ہے.

قریبی ٹالیس جزیرہ سے گزرنے والی کئی ماہی گیری کشتیوں نے کچھ لوگوں کو پانی سے بچایا اور انہیں اپنی کشتیوں میں ساحل تک لے کر گئے۔

Similar Posts