پنجاب میں بارشوں سے چکوال اور جہلم میں بڑے پیمانے پر نقصان، وسیع رقبہ زیر آب

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب میں بارشوں سے چکوال اور جہلم میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، وسیع رقبہ زیر آب آگیا ہے۔ جہلم کے متعدد علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچادی، کئی مکانات پانی کی نذر ہوگئے، سلیمان پارس میں دیوارگرنے سے قبریں بہہ گئیں ، جہلم کے علاقے خورد، نئی آبادی بھمبر، دارا پور، سوہاوہ میں سیکڑوں لوگ بے یارو مددگار ہوگئے۔

جہلم میں حالیہ مون سون بارشوں نے شدید تباہی مچا دی، ندی نالوں میں طغیانی اور نالہ بنہاں کے بپھرنے سے متعدد آبادیاں زیرِ آب آگئیں۔ خورد، نئی آبادی بھمبر، داراپور، سوہاوہ اور پی ڈی خان کے دیہی علاقے بری طرح متاثر ہوئے، جس کے باعث درجنوں غریب گھرانے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔

متاثرہ علاقوں میں سیکڑوں لوگ بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اگرچہ نجی تنظیموں نے کھانے پینے کے انتظامات کیے ہیں، تاہم متعدد گھرانے اب بھی اپنے گھروں تک واپس نہیں جا سکے۔

اس صورت حال پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ضلع جہلم کا دورہ کیا، سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لیا اور جہلم کو آفت زدہ ضلع قرار دے دیا۔

ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی مجموعی تعداد 252 ہو گئی

گورنر پنجاب نے شہید پولیس کانسٹیبل کے لواحقین کے لیے10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ مکمل سروے کے بعد متاثرین کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں سرخ پرچم لہرا کر ایمرجنسی کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔

لیہ تونسہ پل کے قریب گائیڈ بند ٹوٹ گیا، قریبی بستیوں کو شدید خطرہ لاحق

دوسری جانب دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث لیہ تونسہ پل کے قریب گائیڈ بند ٹوٹ گیا ہے، جس سے قریبی بستیوں جیسے سوبھے والی، چانڈیہ اور کمہاراں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

انتظامیہ نے فوری طور پر الرٹ جاری کر دیا ہے اور علاقے کے مکینوں کو مفت کشتی سروس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ گائیڈ بند پانی کے رخ کو تبدیل کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، تاہم بند کے ٹوٹنے سے زیادہ آبادی کو فی الحال کوئی بڑا خطرہ نہیں ہے۔

انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔

Similar Posts