سندھ حکومت نے کراچی میں پارکنگ فیس کے مکمل خاتمے کا فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے 25 ٹاؤنز میں جاری پارکنگ فیس پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کی درخواست پر اس فیصلے کو عوامی مفاد میں فوری نافذ العمل کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کے اس فیصلے کے تحت اب کراچی کی سڑکوں پر کسی بھی جگہ پارکنگ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ پارکنگ فیس اب صرف مخصوص پلازہ، پلاٹس یا ٹاؤن کونسلز کے واضح کردہ مخصوص علاقوں میں ہی وصول کی جا سکے گی۔ شہر کی مرکزی 46 سڑکوں سمیت تمام اہم شاہراہوں پر پارکنگ اب بالکل مفت ہو چکی ہے۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے تمام میونسپل کمشنرز اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ پارکنگ فیس کے خاتمے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔ حکام کے مطابق، اگر کوئی ادارہ یا شخص غیر قانونی طور پر شہریوں سے فیس وصول کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے فیصلے کو عوام کے لیے بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں پر اضافی مالی بوجھ ختم کرنا ان کی اولین ترجیح تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’کراچی میں سڑکوں پر پارکنگ فیس کی آڑ میں مافیا سرگرم تھی، جس کا اب مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔‘
سندھ حکومت نے پارکنگ فیس سے متعلق نئی پالیسی کے فوری نفاذ کی ہدایت دے دی ہے اور متعلقہ اداروں کو واضح پیغام دیا ہے کہ عوامی سہولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کے ایم سی کے علاوہ اب کوئی بھی ادارہ شہر کی سڑکوں پر پارکنگ فیس لینے کا مجاز نہیں ہوگا۔
شہریوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے دور میں ایک بڑی آسانی قرار دیا ہے۔ پارکنگ مافیا کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی فیس وصول کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔