مشہور ہدایتکار نے کرشمہ کپور کی ازدواجی زندگی کا راز کھول دیا

0 minutes, 0 seconds Read

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کرشمہ کپور ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ ان کی فلمی زندگی نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی ہے۔ بزنس مین اور مشہور پولو کھلاڑی سنجے کپور 12 جون کو لندن میں پولو میچ کے دوران اچانک انتقال کر گئے۔ ان کی موت کے بعد کرشمہ کے ساتھ ان کی ناکام شادی ایک بار پھر سرخیوں میں آگئی ہے۔

فلمی دنیا کے مشہور ہدایتکار سنیل درشن، جنہوں نے کرشمہ کے ساتھ ’جانور‘، ’ایک رشتہ‘ اور ’میرے جیون ساتھی‘ جیسی فلمیں کیں، نے حال ہی میں صحافی وکی لالوانی کے ساتھ ایک گفتگو میں کرشمہ کی ازدواجی زندگی کے بارے میں کئی انکشافات کیے۔

ان کے مطابق, ’کرشمہ سنجے کی بہن کی بچپن کی دوست تھی، لیکن سنجے کے ساتھ ان کا کوئی رومانوی تعلق نہیں تھا۔ ہم کئی بار دہلی گئے، مگر کبھی ان دونوں کو ایک جوڑے کے طور پر نہیں دیکھا۔ یہ شادی ایک اچانک فیصلہ تھا۔‘

’گھر والی‘ بننے کی خواہش، مگر ’ٹرافی بیوی‘ بن گئیں

سنیل درشن کے بقول کرشمہ، شادی کے بعد ایک سادہ گھریلو بیوی کی زندگی جینا چاہتی تھیں، لیکن حقیقت میں وہ ایک ’ٹرافی وائف‘ بن کر رہ گئیں۔

’وہ ایک ایسی دنیا میں رکھ دی گئی تھیں جو ان کی نہیں تھی۔ دہلی کی ثقافت بالکل مختلف ہے، اور وہ اس میں خود کو فٹ نہیں کر سکیں۔ وہ راج کپور کی پوتی تھیں، سب کچھ دیکھ چکی تھیں۔ کامیاب اداکارہ رہ چکی تھیں، لیکن جب انہوں نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کی، تو وہ صرف ایک پرسکون خاندانی زندگی چاہتی تھیں۔‘

ہدایتکار کے مطابق دہلی کے شاہانہ ماحول، محل جیسے گھر، درجنوں گاڑیاں اور اعلیٰ سوسائٹی کی تقاضے کرشمہ کے مزاج سے میل نہیں کھاتے تھے۔ ’وہ سنیچر کی شام کو گالف کھیلنے کے بجائے گھر پر وقت گزارنا چاہتی تھیں۔ وہ اندر سے ایک سادہ اور گھریلو مزاج کی لڑکی تھیں۔‘

سنیل درشن نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کرشمہ اور ابھیشیک بچن کی منگنی کا ختم ہونا بھی ایک بڑا دھچکہ تھا، اور شاید انہی حالات میں کرشمہ نے سنجے سے شادی کا فیصلہ جلد بازی میں کیا۔

کرشمہ اور سنجے کی شادی 2003 میں ہوئی۔ ان کے ہاں 2005 میں بیٹی سمائرا اور 2011 میں بیٹا کیان پیدا ہوا۔ 2014 میں دونوں نے باہمی رضا مندی سے طلاق کے لیے درخواست دی، اور 2016 میں طلاق مکمل ہو گئی۔
بعد ازاں سنجے نے پریا سچدیو سے دوسری شادی کر لی۔

Similar Posts