برطانوی پارلیمنٹ کے 221 اراکین نے وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر کو خط لکھ کر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق
خط لکھنے والے اراکین کا تعلق 9 مختلف جماعتوں سے ہے، جن کی قیادت لیبر پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ اور بین الاقوامی ترقیاتی کمیٹی کی چیئرپرسن سارہ چیمپئن کر رہی ہیں۔
خط میں برطانوی حکومت پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے لیے فوری اقدام کا زور دیا گیا ہے۔
اراکین نے کہا ہے کہ فلسطین کو برطانیہ کی طرف سے تسلیم کیا جانا خاص طور پراس لیے انتہائی مؤثر ہو گا کیونکہ برطانیہ نے اعلانِ بالفور کا خالق ہونے کے علاوہ فلسطین میں سابق مینڈیٹری طاقت کا کردار ادا کیا ہے۔
غزہ میں انسانی بحران، برطانوی وزیرِاعظم کا فرانس اور جرمنی کے ساتھ آج مشاورت کا اعلان
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ 1980ء سے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے آئے ہیں اور فلسطین کی ریاستی شناخت سے اس موقف کو مضبوطی ملے گی، ساتھ ہی اس کے تحت عوام کے لیے برطانیہ کی تاریخی ذمہ داری بھی پوری ہوگی۔
یادر ہے کہ یہ مطالبہ فرانس کے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد زور پکڑ گیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ ستمبر میں فرانس فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا، جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ میں منصفانہ اور پائیدار امن کو فروغ دینا ہے۔