گورنر پنجاب کا مریم نواز کو خط، کون سے اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا؟

0 minutes, 0 seconds Read

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سیلاب سے متاثرہ ضلع چکوال اور جہلم کو آفت زدہ قرار دینے اور متاثرہ علاقوں میں اقدامات کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ دیا۔ دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے لیے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے وزیراعلیٰ پنجاب کو لکھے خط پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری بھڑک اٹھیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ دیا، گورنر پنجاب نے سیلاب زدہ علاقوں کے دوروں کے بعد وزیراعلی پنجاب کو خط لکھا۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ ضلع چکوال اور جہلم کو آفت زدہ قرار دیا جائے، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے لیے جلد اقدامات اٹھائے جائیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے خط میں کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ شہروں میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا، شہروں کو آپس میں ملانے والے پل ٹوٹ گئے، سڑکیں بہہ گئی، رابطہ سڑکیں بہہ جانے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، غریبوں کے گھر، مویشی اور قیمتی سامان سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے حالیہ دنوں میں چکوال، جہلم اور حافظ آباد کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا گورنر پنجاب کے خط پر جواب

دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے لیے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو لکھے گئے خط پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری بھڑک اٹھیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو کھلا خط لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں، معذرت کے ساتھ آپ کو ہر بار آپ کا آئینی رول یاد کروانا پڑتا ہے لیکن ہر بار آپ غلطی کرنے سے باز نہیں آتے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر چکی ہے، تمام معاملات حکومت کے کنٹرول میں ہیں، کسی کو جگانا چاہتے ہیں تو اپنی جماعت اور حکومت کو خط لکھیں، حکومت کو انتظامی معاملات چلانے کے لیے آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ہدایات پر متعلقہ ادارے متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں، مریم نواز سیلابی صورتحال کے اگلے روز ہی خود چکوال پہنچیں، آپ اپنا آئینی رول ادا کریں، اپنے قیمتی مشورے اپنی جماعت کو دیا کریں، پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے، آپ نمائشی دورے کرکے فوٹو سیشن کے صرف شوق پورے کیا کریں۔

Similar Posts