’اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کیلئے ڈیزائن کا انتخاب کرلیا، چھپائی جلد متوقع‘

0 minutes, 0 seconds Read

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے لیے ڈیزائن کا انتخاب کر لیا ہے۔ یہ اعلان اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے بدھ کے روز کراچی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، جس میں مرکزی بینک کی جانب سے شرحِ سود کو برقرار رکھنے کے فیصلے پر بریفنگ دی گئی تھی۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے لیے ایک ڈیزائن منتخب کر لیا گیا ہے جو کہ ایک بین الاقوامی ماہر نے تیار کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں پر باقاعدہ کام کابینہ کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کابینہ اس منصوبے کی منظوری دے دیتی ہے تو آنے والے مہینوں میں پاکستان میں نئی کرنسی نوٹوں کی چھپائی اور گردش شروع ہو سکتی ہے، جو ملکی معیشت میں شفافیت، سیکیورٹی اور اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

فی الحال نئے نوٹوں کے ڈیزائن کو عوام کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا اور بعض ویب سائٹس پر گردش کرنے والی تصاویر دراصل اسٹیٹ بینک کی جانب سے منعقدہ ایک آرٹ مقابلے کا حصہ تھیں، نہ کہ حتمی ڈیزائن۔

Similar Posts