وزیراعظم کا مون سون کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس، گلگت بلتستان کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مون سون کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جی بی صوبے کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ شدید مون سون سیزن میں ملک بھر اور خصوصا آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات کے افسوس ناک واقعات ہوئے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں سے جانی اور مالی نقصانات پر جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں ملک بھر میں خاص طور پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات ہوئے، وفاقی حکومت دُکھ کی اس گھڑی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت، انتظامیہ اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے گلگت بلتستان کا جلد دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ نقصانات کے ہر ممکن ازالے کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی پیکج دیا جائے گا۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان انتظامیہ سے مل کر ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شدید موسمی صورتحال کے نقصانات سے بچاؤ کے لیے محکمہ موسمیات کے پیشگی اطلاع کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اور فعال بنایا جائے اور ذرائع مواصلات اور سڑکوں کی بحالی و مرمت پر مقامی اور متعلقہ وفاقی ادارے خصوصی توجہ دیں۔

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اجلاس کے دوران ملک بھر میں شدید مون سون سے ہونے والے اب تک کے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک بھر میں مون سون کی وجہ سے اب تک 295 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 700 سے زیادہ افراد زخمی ہیں، اس کے علاوہ 1600 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ 376 مویشی بھی بارشوں کی نظرہوگئے۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا مصدق ملک،عطا تارڑ، چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدرملک اوردیگراعلی حکام نے شرکت کی۔

Similar Posts