اسپیکر قومی اسمبلی کی ایرانی صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق

0 minutes, 0 seconds Read

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران بھائی چارے، تاریخ، ثقافت اور ہمسائیگی کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کی خود مختاری و سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنے کا خواہاں ہے۔

سردار ایاز صادق نے آپریشن ”بنیان مرصوص“ پر ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے زور دیا کہ پارلیمانی اور معاشی روابط کو مزید وسعت دی جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اسرائیلی جارحیت کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فلسطین اور کشمیر کے مسائل کو عالمی امن کے لیے بنیادی قرار دیا۔

ایرانی صدر نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور خلوص پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دے کر اخوت کی مثال قائم کی۔

انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت کو ناقابل فراموش قرار دیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ پارلیمانی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی موجود تھے۔

ایران کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، اسحاق ڈار

دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے۔**

اسلام آباد میں پاکستان اور ایران بزنس فورم کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار شریک ہوئے جبکہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک ایران بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے، ایران کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، پاک ایران تعلقات مذہبی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کے دستیاب مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا، دونوں ملک تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے، دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، ایران اور پاکستان ایس سی او اور ای سی او فورم میں یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کو بہترین ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کے تمام معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں، زرعی اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ہیں، بزنس کمیونٹی سے کہتا ہوں کہ مواقع کا فائدہ اٹھائیں اس سے پہلے کہ یہ ختم ہوجائیں۔

پاک ایران تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، پاک ایران تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہماری پالیسی کا جز ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت 10 ارب تک لے جانا چاہتے ہیں، سمندری اور زمینی راستوں کی ترقی وقت کی ضرورت ہے، فری اکنامک زون دونوں ملکوں کے لیے ضروری ہے۔

ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر تجارت جام کمال

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ چاہتے ہیں، سرحدی تجارت کے فروغ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

جام کمال نے کہا کہ تجارت کے دستیاب مواقع سے استفادہ کریں گے، دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں، ایران کی جانب سے سرمایہ کاری کی دلچسپی کو سراہتے ہیں، مشترکہ اقتصادی کمیشن اجلاس سے معاشی تعاون کو فروغ ملے گا۔

Similar Posts