بیوی نے ویڈیو دیکھ کر شوہر کے کان میں کیڑے مار دوا ڈال کر مار ڈالا

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی ریاست تلنگانہ میں بیوی نے یوٹیوب ویڈیو دیکھنے کے بعد شوہر کے کان میں کیڑے مار دوا ڈال کر موت کی نیند سلا دیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کے مطابق 45 سالہ سمپت، جو ایک مقامی لائبریری میں خاکروب کے طور پر کام کرتا تھا، کو اس کی بیوی رما دیوی نے اپنے مبینہ عاشق راجیا کے ساتھ مل کر ہلاک کیا۔

رما دیوی کریم نگر میں سڑک کنارے آٹا فروخت کرتی تھی، اور کچھ عرصے سے 50 سالہ راجیا کے ساتھ اس کے تعلقات تھے۔

رپورٹس کے مطابق رما دیوی نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اگر کسی کے کان میں کیڑے مار دوا ڈالی جائے تو موت واقع ہو سکتی ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد رما نے اپنے شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔

31 جولائی 2025 کو، رما دیوی اور راجیا نے سمپت کو پارٹی کا جھانسہ دے کر ایک پل پر لے گئے، جہاں اسے زبردستی شراب پلائی گئی۔ جب وہ نشے میں دھت ہو کر زمین پر گر پڑا، تو رما دیوی نے اس کے کان میں کیڑے مار دوا ڈال دی، جس سے موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔

واردات کے بعد دونوں ملزمان لاش وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ اگلے روز رما دیوی نے پولیس میں شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔ تاہم، جب پولیس نے لاش کی شناخت اور واقعے کی تفتیش شروع کی تو کئی شواہد نے رما دیوی اور راجیا کی طرف اشارہ کیا۔

پولیس حکام نے موبائل کال ڈیٹا، فون لوکیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا جس سے دونوں ملزمان کا واردات میں ملوث ہونا ثابت ہوا۔ دورانِ تفتیش دونوں نے جرم کا اعتراف کر لیا۔

پولیس نے دونوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Similar Posts