کراچی کے علاقے لانڈھی کے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں واقع کپڑوں کی فیکٹری میں جمعرات کو اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تین عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کی 16 گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف رہیں۔
ترجمان کے مطابق، آگ سے متاثرہ ایک عمارت مکمل طور پر منہدم ہوچکی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جھلسنے والے 6 مزدوروں کو عمارت سے نکال لیا، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کپڑوں کی فیکٹری میں لگی تھی، جس کے بعد وہ تیزی سے پھیل کر دیگر قریبی عمارتوں تک جا پہنچی۔ آگ پر قابو پانے کی کوششیں کئی گھنٹے جاری رہیں اور دھوئیں کے بادل دور دور سے دکھائی دیتے رہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد ہی آگ لگنے کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔