اوپن اے آئی نے ’جی پی ٹی-5‘ لانچ کردیا، نئے فیچرز کیا ہیں؟

0 minutes, 4 seconds Read

سان فرانسسکو کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ”اوپن اے آئی“ نے جمعرات کو اپنا نیا اور جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈل ”جی پی ٹی-5“ متعارف کروا دیا ہے۔ جو کوڈنگ، ریاضی، صحت، بصری تجزیہ اور تحریر سمیت کئی شعبوں میں پچھلے تمام ماڈلز سے بہتر ہے۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ماڈل مفت بھی دستیاب ہے اور آپ مزید بہترین فیچرز کے لیے سبسکرپشن پلانز بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

اوپن اے آئی کے مطابق جی پی ٹی-5 اپنے پچھلے ماڈلز جی پی ٹی-4 او، اوپن اے آئی او 3، اوپن اے آئی او 4-منی، جی پی ٹی-4.1 اور جی پی ٹی-4.5 کی جگہ لے گا، جس سے صارفین کو اب الگ الگ ماڈل منتخب کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نیا سسٹم خود فیصلہ کرے گا کہ کب تیز جواب دینا ہے اور کب زیادہ سوچ سمجھ کر تفصیلی جواب تیار کرنا ہے۔

اہم خصوصیات

اس کی اہم خصوصیات میں کوڈنگ میں زبردست بہتری اور بڑے اور پیچیدہ پروگرامز کو ڈی بگ کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔

اس کے علاوہ یہ ایک ہی ایک ہی ہدایت (پرامٹ) پر ویب سائٹس، ایپس اور گیمز تیار کرنے کی قابلیت رکھتا ہے۔

یہ تحریر میں بہتر توازن، جملوں کی ساخت اور اظہار میں نکھار پیدا کر سکتا ہے۔ ساتھ ہی صحت سے متعلق سوالات پر زیادہ مؤثر اور ذاتی نوعیت کے جوابات دے سکتا ہے۔

اس میں غلطیاں (ہیلوسینیشنز) کم ہیں اور یہ ہدایات پر زیادہ عمل درآمد کرتا ہے۔

قیمت اور رسائی

یہ مفت بھی دستیاب ہے، اس کے پلس، پرو اور ٹیم سبسکرائبرز ورژنز ابھی سے جی پی ٹی-5 استعمال کر سکتے ہیں، جبکہ انٹرپرائز اور طلبا کو اگلے ہفتے رسائی ملے گی۔

اس کے ”پرو“ پلان میں لامحدود رسائی بھی شامل ہے۔

API استعمال کی قیمت

1 ملین اِن پٹ ٹوکنز: 1.25 ڈالر (تقریباً 355 پاکستانی روپے)

1 ملین آؤٹ پٹ ٹوکنز: 10 ڈالر (تقریباً 2 ہزار 836 پاکستانی روپے)

مزید فیچرز

جی پی ٹی-5 میں چار نئے پری سیٹ اسٹائلز (Cynic، Robot، Listener، Nerd) بھی شامل ہیں جو صارف کے بات کرنے کے انداز کے مطابق ڈھل جاتے ہیں۔

کمپنی نے ماڈل کو 5 ہزار گھنٹے ٹیسٹ کرنے کے بعد محفوظ بنانے کے لیے نئی تربیت دی ہے، جو خطرناک سوالات پر محفوظ متبادل فراہم کرتی ہے۔

مائیکروسافٹ اور گٹ ہب میں انضمام

مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ جی پی ٹی-5 اب کوپائلٹ، 365 کوپائلٹ اور انٹرپرائز سروسز میں شامل ہوگا، جس سے لمبی گفتگو، بہتر سمجھ بوجھ اور پیچیدہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

گٹ ہب کوپائلٹ میں بھی یہ ماڈل شامل ہو رہا ہے، جس سے ڈویلپرز آسانی سے کوڈ لکھ، ٹیسٹ اور ڈپلائے کر سکیں گے۔

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جی پی ٹی-5 نہ صرف ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑا قدم ہے بلکہ عام صارف سے لے کر بڑے اداروں تک سب کے کام کرنے کا انداز بدل سکتا ہے۔

Similar Posts