شمالی فرانس میں برطانیہ جانے والے ایک ریفریجریٹر والے مال بردار ٹرک سے اریٹریا کے 15 تارکینِ وطن برآمد ہوئے، جنہیں شدید سردی کے باعث ہائپوتھرمیا کا شکار ہوگئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے دن اس وقت پیش آیا جب مراکشی ڈرائیور نے موٹر وے پر ایک آرام گاہ پر رکنے کے بعد ٹرک کے اندر سے مدد کی آوازیں سنیں۔ پاس ڈی کلیس کے مقامی پریفیکچر آفس کے اعلیٰ افسر کرسچین ویڈیلاگو نے بتایا کہ متاثرین کی حالت سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کئی گھنٹوں سے ٹرک میں موجود تھے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک کا مراکشی ڈرائیور شمالی فرانس کے ایک موٹر وے پر آرام کے لیے رکا اور ٹرک کے اندر سے مدد کی آوازیں سنیں۔ جب حکام نے ٹرک کھولا، تو انہوں نے تارکینِ وطن کو شدید سردی کے باعث خطرناک حالت میں پایا۔
چار افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ چار کم عمر، جن میں سے ایک خاتون بھی شامل تھی، کو خصوصی فلاحی تنظیموں کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق کچھ افراد کو پہلے ہی فرانس چھوڑنے کے سرکاری احکامات جاری کیے جا چکے تھے۔
ویڈیلاگو کے مطابق ٹرک ڈرائیور، جو منجمد سبزیاں لے جا رہا تھا، سے تحقیقات نہیں کی جا رہیں۔
خیال رہے کہ شمالی فرانس سے برطانیہ جانے والے راستوں، بشمول بندرگاہوں اور کراس چینل سرنگ پر سکیورٹی چیکنگ کے باوجود تارکینِ وطن غیرقانونی طریقوں سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگرچہ اب زیادہ تر افراد چھوٹی کشتیوں کے ذریعے سمندر عبور کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم ٹرکوں میں چھپ کر جانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔