بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

0 minutes, 0 seconds Read

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریائے ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ ہفتے بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ بالائی آبی ذخائر سے بھی پانی کے اخراج کے باعث دریائے ستلج کے بہاؤ میں اضافہ ممکن ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اس وقت بھارت میں دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 61 فیصد تک بھر چکا ہے جبکہ پونگ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 76 فیصد اور تھین ڈیم میں 64 فیصد ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے لاہور، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن کے کمشنرز کے علاوہ ریسکیو ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

عرفان کاٹھیا کے بقول دریاؤں کی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام الناس کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔

Similar Posts