بیٹر کے آؤٹ ہونے کا مزاحیہ انداز، ساتھی کی بھی ہنسی چھوٹ گئی

سوشل میڈیا پر مقامی سطح کے ایک کرکٹ میچ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں باؤلر کی جانب سے کرائی گئی ایک غیر معمولی گیند نے بیٹر اور گراؤنڈ میں موجود دیگر کھلاڑیوں کو بھی حیران کر دیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باؤلر نے گیند انتہائی اونچی پھینکی جو ہوا میں ایک عجیب سا لوپ بنانے کے بعد اچانک تیزی سے ٹرن ہوئی۔

بلے باز نے گیند پر شاٹ کھیلنے کی پوری کوشش کی، تاہم گیند نے ایسی حرکت کی کہ وہ اسے کھیلنے میں ناکام رہا اور وکٹ گنوا بیٹھا۔

وکٹ گرتے ہی وکٹ کیپر اور دیگر فیلڈرز نے بھرپور جوش و خروش سے جشن منایا، جبکہ ویڈیو دیکھنے والے سوشل میڈیا صارفین بھی باؤلر کی اس غیر معمولی گیند پر دلچسپ تبصرے کرتے دکھائی دیے۔

کرکٹ کے شائقین نے اس گیند کو بھارتی اسپنرز یوزویندر چہل، انیل کمبلے اور سری لنکن لیجنڈ متھیا مرلی دھرن کی اسپن کا دلچسپ امتزاج قرار دیا۔ صارفین کے مطابق گیند میں اتنی اسپن تھی کہ بلے باز تو کیا، اسے دیکھنے والا بھی اس کی سمت کا اندازہ لگانے میں مشکل محسوس کرے۔

بعض صارفین نے ویڈیو میں ڈبل نو بال کی بھی نشاندہی کی، جس کے باعث یہ واقعہ مزید بحث کا موضوع بن گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ ناظرین نے میچ کو ’گاؤں کی کرکٹ‘ قرار دینے پر اعتراض بھی کیا، کیونکہ گراؤنڈ نسبتاً منظم دکھائی دیتا ہے جبکہ کھلاڑی بھی باقاعدہ کرکٹ کٹس میں نظر آ رہے ہیں۔

چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں مرتبہ دیکھی جانے والی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کرکٹ کے شائقین کے لیے تفریح کا ذریعہ بن گئی۔

Related posts