خیبرپختونخوا میں سیلاب سے اموات 427 ہوگئیں، صوابی سے 12 اور بونیر سے ایک لاش برآمد

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا نے حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے اب تک مرنے والوں کی مجموعی تعداد 427 ہوگئی ہے۔ صوابی میں مزید 12 لاشیں ملنے کے بعد مجموعی اموات 41 ہوگئیں اور بونیر میں ایک لاش ملنے کے بعد مجموعی ہلاکتیں 291 ہوگئیں، سوات میں بھی معمولات بحال نہ ہوسکے جبکہ پاک فوج کا ریسکیواور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

بدھ کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے اموات کی تعداد 427 ہوگئی جبکہ 270 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 321 مرد، 60 بچے اور 46 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 182 مرد، 45 بچے اور 43 خواتین شامل ہیں۔

پی ڈٰ ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 1398 گھر وں کو نقصان پہنچا، جس میں 1030 گھروں کو جزوی اور 368 گھر مکمل منہدم ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بونیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 228 اور صوابی میں 41 ہو گئی، یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ , دیر لویر اور بٹگرام، صوابی میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا: لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری، صوابی میں اموات 41 ہوگئیں

خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اورسیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

صوابی کے علاقے دالوڑی میں کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی کے بعد ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن مکمل ہوگیا، دالوڑی میں ملبے سے آج مزید 12 لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد اموات 41 تک جاپہنچیں۔

ضلع بونیر کو بھی سیلاب کے بعد سے بدترین حالات کا سامنا ہے، چغرزئی کے علاقے گمبت سے مزید ایک لاش مل گئی، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 291 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

سوات میں بھی معمولات زندگی بحال نہ ہوسکے۔ مینگورہ ملا بابا میں تاجروں کو کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑا، تاجر اپنی مدد اپ کے تحت صفائی میں مصروف ہیں، دکانوں میں اب بھی کئی فٹ ملبہ موجود ہے۔

ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں راشن کی فراہمی

خیبرپختونخوا کے دیگر سیلاب زدہ اضلاع بشمول بونیر، سوات اور شانگلہ میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن 5 ویں روز بھی جاری ہے۔

پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز راشن اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچا رہے ہیں۔ انجینئر کور کے دستے شانگلہ اور بونیر میں تعینات ہیں۔ سیلاب زدہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔

خیبرپختونخوا میں سیلاب سے 358 اموات، تعلیمی ادارے بند، ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم بریفنگ

پیر بابا بائی پاس ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ ملبہ ہٹانے کا کام رات بھر جاری رہا۔ پاک فوج نے سیلاب سے متاثرہ 20 کلو میٹر طویل سڑک بحال کردی، جس کے بعد پُورن گاؤں کا زمینی رابطہ بحال ہوگیا۔

خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ، کوہاٹ، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیر ستان میں بارش کا امکان ہے۔

پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے مقامی انتظامیہ کو بھی متحرک رہنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Similar Posts