امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے شہرِ قائد کا برا حال کر دیا ہے، شہر کے ہر مسئلے کو ہم اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں۔
جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک ’ حقوق کراچی مارچ ’ کیا گیا۔ رکاوٹوں کے باوجود کارکنان نے بڑی تعداد میں شر کت کی، شرکا سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو کراچی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کراچی کے بڑے منصوبے مکمل کرنے میں ناکام رہی ہے اور شہری مسائل کے دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ شہر میں اس وقت قابض مئیر مسلط ہے، قابض مئیر مرتضیٰ وہاب وڈیروں اور جاگیر داروں کی ربڑ اسٹیمپ ہے، سندھ حکومت شہر کو پانی ،بجلی ، سڑکیں صحت ، تعلیم اور ٹرانسپورٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہرِ قائد کا برا حال کر دیا ہے، ہم یہاں کے ہر مسئلے کو اپنا سمجھتے ہیں، ہم اپنا حق لے کر رہیں گے، ابھی ہم یہاں پر ہی بیٹھیں گے، اپنے شہر کا حق لیے بغیر یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے شہریوں سے وعدہ کیا تھا کہ ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، جماعت اسلامی شہر کا مقدمہ لڑے گی اور عوام کے تمام جائز مطالبات منظور کرائے گی۔
ضلعی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شہر کے منصوبے ایک سال تک بھی پورے ہوتے نظر نہیں آرہے، کراچی بلڈنگ اتھارٹی کو سندھ بلڈنگ اتھارٹی بنا دیا گیا، شہریوں کے لیے بنیادی ڈھانچہ بنایا جائے، آج پیپلزپارٹی کہاں ہے؟
وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا ختم کردیا منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ جدوجہد عوامی حقوق کے حصول تک جاری رہے گی اور منگل کے روز عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں کی تنخواہوں کے مسلے کے حل کے لیے دھرنا دیں گے۔
قبل ازیں جماعتِ اسلامی کا مارچ پریس کلب سے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پہنچا، شرکاء ریلیوں کی شکل میں پہنچے تھے، ریلی شاہین کمپلیکس سے ہوتی ہوئی سی ایم ہاؤس کی طرف بڑھی۔
اس موقع پر پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد پریس کلب پر تعینات تھی جب کہ پی آئی ڈی سی کے مقام پر راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے۔