ربیع الاول کا مہینہ پوری اسلامی دنیا کے مسلمانوں کے لیے نہایت مقدس اور روحانی اہمیت کا حامل ہے۔ ہر مسلمان کی یہ آرزو ہوتی ہے کہ وہ 12 ربیع الاول کا دن بارگاہِ نبوی ﷺ میں گزارنے کی سعادت حاصل کرے، مگر یہ اعزاز صرف چند خوش نصیبوں کو ہی نصیب ہوتا ہے۔
اس سال پاکستان کی کئی نامور شخصیات کو یہ شرف حاصل ہوا کہ وہ ربیع الاول کے بابرکت ایام میں مسجدِ نبوی ﷺ، مدینہ منورہ میں حاضری دے سکیں اور اس لمحے کو اپنی زندگی کا انمول سرمایہ بنا سکیں۔
پاکستانی شوبز کی کئی مشہور شخصیات نے بھی اس سال مدینہ منورہ سے اپنی حاضری کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔ سحر خان، سنبل اقبال، صدف کنول، شہروز سبزواری اور سینئر اداکارہ صبا فیصل سمیت دیگر فنکار مسجدِ نبوی ﷺ میں موجود رہے اور انہوں نے اپنی روحانی کیفیات اور تصاویر سوشل میڈیا پراپلوڈ کیں۔
سنبل اقبال نے مدینہ منورہ میں گزارے گئے پرسکون لمحات کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سفر ان کی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔
صدف کنول اور شہروز سبزواری نے اپنے پیغامات میں کہا کہ بارگاہِ رسالت ﷺ میں حاضری ان کی زندگی کی سب سے بڑی سعادت ہے۔


