ٹرمپ کا یوٹرن: کئی بار تنقید کانشانہ بنانے کے بعد مودی کو درست قرار دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اور بھارت کے درمیان تعلقات کو ’بہت خاص‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی ’ہمیشہ دوست رہیں گے‘ اور ’فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کے بیان کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے جذبات کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں اور ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’میں صدر ٹرمپ کے جذبات اور ہمارے تعلقات کے بارے میں ان کے مثبت خیالات کی تعریف کرتا ہوں۔ بھارت اور امریکا کے درمیان انتہائی مثبت اور سمجھ بوجھ پر مبنی جامع اور عالمی سٹریٹجک شراکت داری ہے۔‘


AAJ News Whatsapp

سوشل میڈیا پر اس یوٹرن پر صارفین کے دلچسپ تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں تاہم کئی بھارتی صارفین ٹرمپ اور مودی دونوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم نے بھارت اور روس کو چین کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔

جب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال سے ٹرمپ کے تبصرے پر ردعمل کے لیے کہا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’میرے پاس اس پر کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔‘

ٹرمپ کے علاوہ ان کے تجارتی مشیر پیٹر ناوارو نے بھی ایک بار پھر بھارت کو نشانہ بنایا ہے۔

پیٹر نوارو کا کہنا ہے کہ بھارت سچائی کو قبول نہیں کرتا اور معاملے کو موڑ دیتا ہے۔ اس بیان سے پہلے نوارو نے کہا تھا کہ بھارت میں روسی تیل سے ’برہمن‘ مستفید ہو رہے ہیں۔

انڈین وزارت خارجہ نے پیٹر نوارو کے بیانات کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

Similar Posts