ایشیا کپ ٹی 20 کا ہائی وولٹیج ٹاکرا: پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ ٹی 20 کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا گروپ اے کا پاک بھارت ٹاکرا دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں ایونٹ کے چھٹے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم پہلے بیٹنگ کریں گے اور امید ہے کہ بھارت کو ایک اچھا ہدف دیں گے، وننگ اسکواڈ کے ساتھ آج کا میچ کھیلیں گے، ہم اچھی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں اس میچ کے لیے پُرجوش ہیں۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، ہم بھی آج کے میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کررہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

قومی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں صائم ایوب، صاحب زادہ فرحان، فخر زمان اور محمد حارث شامل ہیں، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، صفیان مقیم اور ابرار احمد شامل ہیں۔

بھارت کی پلینگ الیون

بھارتی ٹیم کی قیادت سوریا کمار یادو کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، تلک ورما، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور ورن چکرورتی شامل ہیں۔

ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے اپنے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستان ٹیم ان ہی 11 کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے جنہوں نے عمان کے خلاف پاکستان کو 93 رنز سے فتح دلوائی تھی۔

6 ماہ کے دوران دونوں ٹیمیں دوسری بار آمنے سامنے ہیں، اس سے قبل پاکستان اور بھارت چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں مدمقابل آئے تھے۔

حالیہ کارکردگی کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں بہترین فارم میں ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف 9 وکٹوں سے فتح حاصل کی جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کی۔

ایک جانب جہاں بھارت کو ایونٹ جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تو وہیں دوسری جانب پاکستان سہ فریقی سیریز کے فائنل اور ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھاری مارجن سے فتح حاصل کرکے شہ سرخیوں میں ہے۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا ریکارڈ بھی دلچسپ ہے۔ بھارت نے اب تک 19 میچوں میں سے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان نے 6 جیتے ہیں۔ پاکستان کی بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری فتح 2022 میں آئی تھی۔ بھارت 8 بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز صرف 2 مرتبہ حاصل کیا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر سنجے مجریکر نے بھی پاکستانی اسپن اٹیک کو بھارت کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2014 سے اب تک کھیلے گئے آخری 8 میچز میں سے 7 میں پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں تین ٹی 20 میچز کھیلے گئے اور تینوں میں ہی پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم فاتح رہی۔

پاکستان نے 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 10 وکٹ اور ایشیا کپ 2022 میں پانچ وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔ امکان ہے کہ آج کے میچ میں بھی ٹاس میچ کے نتیجے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Similar Posts