پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ 2025 میں ایک بار پھر ناکام ہوتے ہوئے مسلسل تیسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے کئی ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔
پاکستان کے نوجوان اوپنر سائم ایوب ایشیا کپ 2025 میں مسلسل ناکامیوں کے باعث کرکٹ مداحوں اور ماہرین کے نشانے پر ہیں۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ڈو اینڈ ڈائی میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف صائم ایوب صرف 2 گیندوں پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے، جو ان کے پچھلے چھ ٹی 20 انٹرنیشنل اننگز میں چوتھا ’ڈک‘ تھا۔
ایک سال میں 5 ’ڈک‘، سنجو سیمسن کے برابر
صائم ایوب نے اس سال کھیلے گئے 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہو کر بھارت کے وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔ اسے قبل سنجو سیمسن نے 2024 میں 13 میچز میں 5 بار صفر پر پویلین کی راہ لی تھی۔
اس فہرست میں سب سے آگے زمبابوے کے رچرڈ نگراوا ہیں، جنہوں نے 2024 میں 20 میچز میں چھ ڈک درج کیے تھے۔
ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹی 20 ڈک
-
رچرڈ نگراوا (زمبابوے) – 6 (2024)
-
حسن نواز (پاکستان) – 5 (2025)
-
سنجو سیمسن (بھارت) – 5 (2024)
-
سائم ایوب (پاکستان) – 5 (2025)
پاکستان کے لیے بدترین فہرست میں جگہ
اوپنر صائم ایوب کے اب 44 اننگز میں 8 ڈک ہو چکے ہیں، جس کے ساتھ وہ سابق کپتان شاہد آفریدی کے برابر ہیں۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ڈک کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس ہے، جنہوں نے 84 میچز میں 10 بار کھاتہ نہیں کھولا۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹی 20 ڈک
-
عمر اکمل – 10 ڈک (84 میچ)
-
شاہد آفریدی – 8 ڈک (90 میچ)
-
صائم ایوب – 8 ڈک (44 میچ)
مسلسل ناکامیاں، ایک اور ریکارڈ کے قریب
ایشیا کپ میں صائم ایوب نے عمان، بھارت اور یو اے ای کے خلاف لگاتار 3 میچز میں صفر پر آؤٹ ہو کر ایک عالمی ریکارڈ کی برابری کرلی۔
اس سے قبل انڈرے فلیچر (ویسٹ انڈیز، 2009) اور محمد حفیظ (پاکستان، 2012) بھی بطور اوپنر تین لگاتار ڈک کا شکار ہو چکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کے ہی بیٹر عبداللہ شفیق چار لگاتار ڈک کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔